پشاور کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

356

کورونا وائرس کے زیادہ کیسز رپورٹ ہونے پر پشاور کے مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ فیصلہ ضلعی انتظامیہ نے کیا ہے جس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق پشاور کے حیات آباد فیز ون اسٹریٹ نمبر 9، گلبہار 4 اسٹریٹ نمبر 3، ڈیفنس کالونی اسٹریٹ نمبر 11، حیات آباد فیز 6 اسٹریٹ نمبر 5 میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔

جاری کردی اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ متعلقہ علاقوں میں شام 6 بجے سے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔ اشیاء خورونوش،میڈیکل،جنرل اسٹور،تندور اور ایمرجنسی سروسز کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

جب کہ لاک ڈاؤن کے دوران مساجد میں 5 افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہوگی۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں آمدورفت بند رہے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ مجسٹریٹ اور پولیس کو لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے لیے ہدایات جاری کردیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شہریوں کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ہاتھوں کو صابن سے بار بار دھوتے رہیں۔