استعفوں کے بغیر لانگ مارچ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا،مولانا فضل الرحمن

414

ڈیرہ اسماعیل خان: پاکستان ڈیمو کرٹیک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ استعفوں کے بغیر لانگ مارچ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، تمام اراکین اسمبلی کے استعفے اپنی اپنی جماعتوں کے سربراہان کو پہنچ چکے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ  15 مارچ کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا اور لانگ مارچ کا طریقہ کار ترتیب دیا جائے گا۔

سربراہ پی ڈی ایم  نے مزید کہا کہ ہم اس ملک کے وفادار ہیں، کسی ایک ادارہ کے وفادار نہیں بن سکتے، ہم نے کبھی بھی مسلک کا فرق نہیں کیا، پوری قوم کو ساتھ لیکر چلے ہیں، فرقہ واریت میں ہمیشہ ریاستی ادارے ملوث رہے ہیں۔

 مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ  ہم زندگی کی بھیک کسی سے نہیں مانگتے یہ اللہ کے ہاتھ میں ہے ہم نے کبھی کسی ڈکٹیٹر کے آگے سر نہیں جھکایا ، 26 مارچ کو پورے ملک سے قافلوں کی روانگی پنڈی اسلام آباد کی طرف ہوگی ، کارکن بھرپورتیاری کریں۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ اس دور میں انسانیت کی جتنی تزلیل ہوئی ہے اتنی کسی دور میں نہیں ہوئی، قائد جمعیت نے تمام علماءکی لاج رکھ لی ہے اور ہمیں چاہیئے کہ ہم بھی انکی لاج رکھیں اور لانگ مارچ میں بھرپورتیاری سے شرکت کریں۔