لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے قلع لاڑکانہ میں سرکاری محکموں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ نہ ہوسکا، لاڑکانہ اور قنبر شہدادکوٹ میں جاری ترقیاتی کام شدید متاثر ہونے لگے، ملازمین کو سرکاری امور کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا، ایپکا پراونشل ہائی ویز کی جانب سے محکمے میں سیاسی مداخلت اور کلرک کے تبادلے کیخلاف دوسرے روز بھی احتجاج جاری رکھتے ہوئے پیر سے قلم چھوڑ ہڑتال کا عندیہ دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن پراونشل ہائی ویز لاڑکانہ کی جانب سے ایگزیکٹو انجینئر دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جہاں انہوں نے شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر صدر یار محمد مگنیجو، جنرل سیکرٹری زاہد سومرو، ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسد اللہ میر جت، ایپکا ضلعی جنرل سیکرٹری مبین خان برڑو، غلام سرور شیخ و دیگر کا کہنا تھا کہ کلرکوں کے تبادلے اور محکمے میں سیاسی مداخلت کے باعث لاڑکانہ اور قنبر شہدادکوٹ میں ہائی ویز اور دیگر ترقیاتی کام شدید متاثر ہورہے ہیں، جس کے باعث ہمیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پراونشل ہائی ویز میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے کلرک منصف علی کھاوڑ کے تبادلے کا آرڈر واپس لیا جائے بصورت دیگر پیر سے قلم چھوڑ ہڑتال کرکے احتجاج ریکارڈ کیا جائے گا۔