نیپرا نے کراچی کے بجلی صارفین پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیے ہیں،ثناء اللہ خان

195

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ ثناء اللہ خان نے نیپرا کی جانب سے 2019کے فیول ایڈجسٹمنٹ کامارچ2021 میں کیے جانے کے آرڈرزاورنیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے کے-الیکٹرک کی 11 ماہ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ جاری کرنے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس لحاظ سے تو کراچی کے صارفین پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیے گئے ہیں کیونکہ اس آرڈرکے مطابق جولائی 2019ء کے حوالے سے کراچی صارفین کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی ایک روپے 21 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے۔نیپرا اس بات کا بھی جواب دے کہ جن انڈسٹریز نے2019میں بجلی خرچ کی کیا اس کا خریدار اسے یہ اضافی رقم ادا کرنے کو تیار ہوگا۔واضح رہے کہ نوٹیفکیشن کے مطابق اگست 2019 کے لیے پرائس ایڈجسٹمنٹ 75 پیسے اور ستمبر کے تحت 30 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کی گئی ۔نیپرا نے اکتوبر 2019ء کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 10 پیسے اور جنوری 2020 میں 94 پیسے فی یونٹ مہنگی کی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق نومبر اور دسمبر 2019ء کے دو ماہ کے دوران فیول ایڈجسٹمنٹ پرائس کے تحت فی یونٹ بجلی بالترتیب 2 روپے 12 پیسے اور ایک روپے 75 پیسے سستی کی گئی ہے۔