حشمت اللہ شاہدی افغانستان کیلیے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی ڈبل سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے زمبابوے کے خلاف ابو ظبی میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن590 منٹ میں443 بالوں پر21 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر200 رنز بناکر ایسا کیا۔ اس سے پہلے افغانستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور کرنے کا اعزازاصغر افغان کے پا س تھا جنہوں نے اسی اننگ میں370 منٹ میں257 بالوں پر چودہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے164 رن بنائے ان کا یہ ریکارڈ صرف چند منٹوں تک ہی رہا۔
اس ٹیسٹ سے پہلے اٖفغانستان کے لیے واحد سنچری رحمت شاہ نے اسکور کی تھی جنہوں نے بنگلا دیش کے خلاف چٹا گانگ میں ستمبر2019 میں210 منٹ میں187 بالوں پر دس چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے تھے۔اٖفغانستان کے لییپہلی ڈبل سنچری چھٹے ٹیسٹ میں اسکور کی گئی جو کسی بھی ٹیم کے لیے سب سے جلدی اسکور کی جانے والی ڈبل سنچری ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے پاس تھا جس کی جانب سے چھٹے ٹیسٹ میچ میں پہلی ڈبل سنچری بنائی گئی تھی۔ انگلینڈ کے خلاف جارج ٹائون میں فروری 1930 کو کھیلے گئے میچ میں کلایفرڈ روئچ نے295 منٹ میں22 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے209 رنز بنائے تھے۔ ویسٹ انڈیز نے اس میچ میں289 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جو ویسٹ انڈیز کی ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی جیت بھی تھی۔
ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی ڈبل سنچری بنانے والے کھلاڑی آسڑیلیا کے بلی مورڈوچ تھے جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف اوول میں اگست 1884 کو490 منٹ میں525 بالوں پر24 چوکوں کی مدد سے211 رنز بنائے تھے۔انگلینڈ کے لیے پہلی ڈبل سنچری ٹپ فوسٹر نے آسڑیلیا کے خلاف سڈنی میں دسمبر 1903 میں اسکور کی تھی۔انہوں نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں ایسا کیا تھا۔ وہ419 منٹ میں37 چوکوں کی مدد سے287 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے جو پہلے ٹیسٹ میں کسی بھی بلے باز کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ پالی امریگربھارت کے لیے پہلی ڈبل سنچری بنانے والے کھلاڑی تھے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف حیدر آباد میں نومبر1955 میں انہوں نے 503 منٹ میں 26 چوکوں کی مدد سے223 رنز بنائے تھے۔یہ ٹیسٹ کسی فیصلہ کے بغیر ختم ہوا تھا۔ بھارت کے بلے بازوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی ڈبل سنچری بنانے میں 45ٹیسٹ میچوں کا انتظار کرنا پڑا تھا۔
پاکستان کے لیے پہلی ڈبل سنچری امتیاز احمد نے اسکور کی تھی۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف لاہور میں اکتوبر 1955 میں ہوئے ٹیسٹ میں380 منٹ میں28 چوکوں کی مدد سے209 رنز بنائے تھے۔اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے چار وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔ امتیاز احمد ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے وکٹ کیپر بھی تھے۔ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی ڈبل سنچری16 ویں ٹیسٹ میچ میں بنائی گئی تھی۔