کوئٹہ: کان میں امدادی کارروائی مکمل 6 جاں بحق، 2 کو بچا لیاگیا

159

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ کے نواحی علاقے مارواڑ میں کوئلے کی کان میں پیش آنے والے حادثے کے سبب پھنسے ہوئے 6 کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روزصوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً 55 کلومیٹر دور مارواڑ کے مقام پر کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے کان کن ہلاک ہوگئے تھے۔ محکمہ معدنیات کوئٹہ کے انسپکٹر مائنز عبدالرشید ابڑو کے مطابق کان کنوں کی جانب سے پھنسے ہوئے ساتھیوں کو نکالنے کی کوششوں میں ناکامی کے بعد کوئٹہ میں مائنز انسپکٹریٹ کو کئی گھنٹے تاخیر سے اطلاع دی گئی جس کے بعد ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا جو آدھی رات کو مکمل ہوا جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ٹیم نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔ ہلاک ہونے والے کان کنوں کا تعلق بلوچستان کے علاقے چمن اور مسلم باغ سے تھا۔ میتیں ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔