اسرائیل کی جوابی کارروائی ،ایرانی آئل ٹینکروں پر حملہ

324

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے شام جانے والے ایرانی تیل بردار جہازوں کو بارودی سرنگوں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔ اخبار نے امریکی ذمے داران کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیل نے شام جانے والے کم از کم 12 جہازوں کو نشانہ بنایا جو زیادہ تر تیل یا ہتھیار منتقل کر رہے تھے۔ ایران نے 2019ء کے اواخر سے کروڑوں بیرل تیل شام پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ یہ تہران کے خلاف امریکی پابندیوں اور شام کے خلاف بین الاقوامی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے۔ دوسری جانب اسرائیل نے کنٹینروں کے حامل ایرانی جہاز پر حملے سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔ رواں ماہ کے آغاز پر اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران پر براہِ راست الزام عائد کیا تھا کہ اس نے گزشتہ ماہ کے اواخر میں خلیج کے پانی میں عمان کے ساحل کے قریب ایک اسرائیلی جہاز کو نشانہ بنایا تھا۔ ادھر امریکا اور اسرائیل کے اعلیٰ عہدے داروں نے ایک اجلاس کیا ہے۔ امریکی اور اسرائیلی عہدے داروں نے اپنے پہلے تزویراتی اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ میں درپیش سیکورٹی چیلنجوں اور ایران کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے روکنے کے سلسلے میں 2015ء کے معاہدے میں امریکا کی دوبارہ شمولیت سے متعلق بائیڈن انتظامیہ کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکا کے مشیر قومی سلامتی جیک سولیوان اور ان کے اسرائیلی ہم منصب مائر بن شبات نے جمعرات کے روز وڈیو کانفرنس پر یہ بات چیت کی۔ جنوری میں صدر جو بائیڈن کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان پہلا سلامتی اجلاس تھا۔