کوئٹہ: کوئلے کی کان میں دھماکا، 6 افراد ہلاک

416

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے علاقے مارواڑ میں کوئلے کی کان میں دھماکا ہوا ہے اور گیس دھماکے سے 6 افراد ہلاک جبکہ 2  زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مارواڑ میں کوئلے کی کان کے اندر پھنسے 6 کان کن جاں بحق ہوگیے ہیں جبکہ 2 کو زندہ بچالیا گیا، جاں بحق کان کنوں کا تعلق بلوچستان کے ضلع کوئٹہ، مسلم باغ اور قلعہ عبداللہ سے ہے۔

بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے نواحی علاقے مارواڑ میں جمعرات کی صبح کوئلے کی کان میں گیس دھماکے سے مٹی کا تودہ گرنے سے 8 مزدور پھنس گئے جس پر پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ ٹیموں نے ریسکیو کا کام شروع کردیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق کئی گھنٹوں کے ریسکیو آپریشن کے بعد دو مزدوروں کو بے ہوشی کی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا ، جہاں ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے تاہم  6 مزدور کان میں میتھین گیس بھرجانے سے جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے بتایا ہےکہ واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے اور ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکا گیس کے اخراج سے ہوا تھا جبکہ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 6 مزدوروں کی لاشیں نکال کر آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی ہے جبکہ جاں بحق کان کنوں کا تعلق بلوچستان کے ضلع کوئٹہ ، مسلم باغ اور قلعہ عبداللہ سے ہے۔