استنبول (رپورٹ: منیب حسین) علمائے فلسطین کی نمائندہ تنظیم “ہیئت علمائے فلسطین” نے پاکستان سمیت پوری دنیا کے علما، خطبا اور ائمہ سے اپیل کی ہے کہ وہ آج دیے جانے والے جمعہ کے خطبات میں مسجد اقصیٰ اور مقبوضہ بیت المقدس کے قضیے کو اجاگر کریں۔ تنظیم کے صدر شیخ نواف تکروری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم رواں ہفتے عالم اسلام کی درجنوں علما تنظیموں کے اشتراک سے بین الاقوامی ہفتئہ بیت المقدس کے طور پر منا رہے ہیں۔ اس مناسبت سے ہم امت مسلمہ کے تمام خطبا اور اہل منبر کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اس جمعہ کو مسجد اقصیٰ اور مقبوضہ بیت المقدس کے دن کے طور پر مناتے ہوئے اپنی مساجد میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کریں، خاص طور پر جمعہ کے خطبے کا موضوع مسجد اقصیٰ، مقبوضہ بیت المقدس، قبلہ اول کے پہرے دار مرد و خواتین کو درپیش اسرائیلی جرائم اور اس ضمن میں امت مسلمہ کی ذمے داری کو بنائیں۔ شیخ نواف تکروری نے اپنے بیان میں قضیہ فلسطین کی اخلاقی حمایت کے ساتھ مالی تعاون کی بھی اپیل کی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم عالم اسلام کے ائمہ اور خطبا سے یہ بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ نمازیوں کو امت کے اس دیرینہ مسئلے کے لیے اپنے اموال خرچ کرنے کی ترغیب دیں۔ واضح رہے ہئیت علمائے فلسطین واقعہ معراج کی مناسبت سے رجب کے آخری ہفتے کو مسجد اقصیٰ اور مقبوضہ بیت المقدس کے بین الاقوامی ہفتے کے طور پر منا رہی ہے ۔ 8 سے 14 مارچ تک جاری رہنے والے اس ہفتے میں مختلف سرگرمیوں کے ذریعے قضیہ فلسطین کو اجاگر کیا جا رہا ہے ۔ ہیئت علمائے فلسطین کو عرب اور اسلامی ممالک کی 50 سے زائد علما تنظیموں کی حمایت حاصل ہے ، جن میں سرفہرست ترکی کی وزارت مذہبی امور اور علمائے مسلمین کا بین الاقوامی اتحاد ہیں۔