شہباز اور حمزہ کےخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت ملتوی

80

لاہور (آن لائن) لاہور کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کےخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت 25 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کے مزید 2 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرلیا۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی رمضان شوگر ملز میں ضمانتی دستاویزات پر جیل حکام کی طرف سے دستخط نہ کرانے کے معاملے پر پنجاب فرانزک لیبارٹری کو مچلکوں پر حمزہ شہباز کے دستخط و انگوٹھے کے نشانات کی تصدیق کا بھی حکم دے دیا۔جمعرات کے روز عدالتی سماعت پر جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر شہباز شریف کو سنٹرل جیل کوٹ لکھپت سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیاجبکہ اس کیس میں ہائیکورٹ سے ضمانت پر رہا حمزہ شہباز نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر اپنی حاضری مکمل کرائی۔