پی ڈی ایم سینیٹ میں آج کٹھ پتلی سرکار کا مقابلہ کرے گی، بلاول

255

اسلام آباد(آن لائن )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم آج سینیٹ میں کٹھ پتلی سرکار کا مقابلہ کرے گی، الیکشن سے قبل ہی یہ طے ہوچکا ہے کہ کسی صورت میں سینیٹ کا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین پی ٹی آئی سے نہیں ہوگا، صادق سنجرانی پی پی پی میں شمولیت کے لیے میرے سامنے قرآن پر حلف تک اٹھانے کو تیار تھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹر اسلام الدین شیخ کی جانب سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک کا مفاد اسی میں ہے کہ سیاست دانوں کو ان کا مثبت کردار ادا کرنے دیا جائے، اگر سینیٹ میں پی ڈی ایم پینل منتخب ہوا تو یوسف رضا گیلانی اور عبدالغفور حیدری مخالف سیاسی جماعتوں کے سینیٹرز کا بھی خیال رکھیں گے۔ الیکشن سے قبل ہی یہ طے ہوچکا ہے کہ کسی صورت میں سینیٹ کا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین پی ٹی آئی سے نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر صادق سنجرانی کی مبینہ طور پر ایک پرانی وڈیو گردش کررہی ہے، کسی کو یہ علم نہیں کہ ہم نے صادق سنجرانی کو سینیٹ چیئرمین کے لیے کیوں ووٹ دیا تھا۔ اس وقت آزاد سینیٹر صادق سنجرانی مجھ سے ملنے گھر آئے اور کہا کہ انہیں چیئرمین سینیٹ منتخب کرانے میں ان کی مدد کی جائے،صادق سنجرانی نے مجھ سے کہا کہ وہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے بعد پی پی پی میں شمولیت اختیار کرلیں گے ،سنجرانی نے اپنے اس وعدے کی پاسداری نہیں کی۔