کراچی (آن لائن) مرکزی اطلاعات سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و ایم این اے شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ حکومت سینٹ الیکشن میں شکست کے بعد اپنا دماغی توازن بھی کھو بیٹھی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی واضح اکثریت ہے جبکہ شبلی فراز نے سینیٹ چیئرمین کا الیکشن کچھ بھی کر کے جیتنے کی بات کی ہے۔ ان باتوں کا اظہار آج انہوں نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کیا ہے۔ مرکزی اطلاعات سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اب چئیرمین سینیٹ کے الیکشن کو سیکریٹ رکھنے کی وکالت بھی کر رہی ہے اور ہم نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ حکومت کو اپنے ہی اراکین پر اعتماد نہیں۔ شازیہ مری نے مزید کہا کہ سینیٹ کے انتخابات کے بعد سید یوسف رضا گیلانی کی بطور سینیٹ چئیرمین کامیابی بھی عوام کی جیت ہوگی اور اب عوام اس نااہل اور نالائق سلیکٹڈ ٹولے سے تنگ آچکے ہیں۔