لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں اینٹی کرپشن ٹیم کی جانب سے دوسرے روز بھی چھاپے، ایک کروڑ 75 لاکھ 59 ہزار سے زائد مالیت کی بوریاں غائب، مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو کی ہدایت پر کرپشن کے خلاف جاری مہم کے دوران اینٹی کرپشن لاڑکانہ سرکل ٹیم نے سرکل افسر امان اللہ راجپر کی سربراہی میں گندم کے گوداموں پی آر سی باڈہ اور ڈوکری پر جوڈیشل مجسٹریٹ میر حسن نورانی کی موجودگی میں چھاپے مارے گئے۔ واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے مطابق فوڈ انسپکٹر اور سینٹر انچارج نے ان مراکز پر گندم کی بوریوں میں کروڑوں روپے کی خورد برد کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چھاپے کے دوران ایک کروڑ 75 لاکھ 59 ہزار 936 روپے مالیت کی بوریاں غائب تھیں جس کے بعد اینٹی کرپشن ٹیم کی جانب سے ملوث عملے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اس حوالے سے سرکل آفیسر اینٹی کرپشن لاڑکانہ امان اللہ راجپر نے بتایا کہ ٹیم کی جانب سے گوداموں کی چیکنگ کررہی ہے اور گندم کی بوریوں میں خورد برد ثابت ہونے پر ذمے داروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے ایک بیان میں افسران کو ہدایت دی ہے کہ کرپشن کے خلاف ہر سطح پر کارروائی کی جائے اور کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف بلا خوف و خطر کارروائی عمل میں لائی جائے۔