کوئٹہ ،لسبیلہ (نمائندہ جسارت) پاکستان کوسٹ گارڈز کی غیر قانونی اسمگلنگ کیخلاف مختلف کارروائیاں۔ مورخہ 10 مارچ 2021ء پاکستان کوسٹ گارڈز کی اپنی ذمے داری کے علاقے میں غیر قانونی کاروبار، اسمگلنگ کیخلاف ادارہ ہذا کی کارروائیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں، حتیٰ الوسع کو شش کی جارہی ہے کہ غیرقانونی کاروباری سرگرمیوں کو روکا جاسکے۔ اس سلسلے میں گزشتہ دو ہفتے میں کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات درج ہیں۔ گوادر شہر کے قریب نیلیٹ کے پہاڑی علاقوں میں غیر قانونی طریقے سے چھپائی گئی 1010 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرلی گئی۔ اوتھل موبائل گشت کے دوران ایک ٹرک سے 6800 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر تے ہوئے 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر مسافر کوچ میں سوار مسافر کے بیگ سے 9.50 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ حب ناکہ کھاری مزدا ٹرک سے 14 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر تے ہوئے 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ ڈام کے علاقے سے غیرقانونی طریقے سے چھپایا گیا 64200 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرلیا گیا۔ ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر مختلف گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 3597 کلو گرام چھالیہ، 2593 کلو گرام غیر ملکی کپڑا اور متفرق اشیاء برآمد کر کے 1 شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ پسنی کے علاقے شادی کور ندی میں دوران گشت ایک آئل ٹینکر سے17ہزار اور زمین میں چھپایا گیا 25 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر لیا گیا۔ گوادر کے قریب پاک ایران باڈر سے 04 تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا جو کہ تمام پاکستانی شہری ہیں اور غیر قانونی طورپر بیرون ملک جانے کی کو شش کررہے تھے۔ کراچی سپر ہائی وے سے دوران چیکنگ 3 ٹرکوں سے 16500 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرتے ہوئے 3 افراد کوحراست میں لے لیا گیا، تمام اسمگل کی جانے والی منشیات، چھالیہ، متفرق اشیاء ،1 لاکھ 43 ہزار 5 سو لیٹر ایرانی ڈیزل، 6 عدد ٹرک اور 13 افراد کو پاکستان کوسٹ گارڈزنے اپنی تحویل میں لے لیا، مزید قانونی کارروائی جاری ہے، پکڑی جانے والی منشیات،چھالیہ اور متفرق اشیاء کی مالیت تقریباً 7 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گی، تا کہ وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جاسکے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔