راولپنڈی(آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کاملوف نے ملاقات کی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ افغان امن عمل اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی دونوں فریقین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے کوششوں سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا ۔ازبک وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام بالخصوص افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی اور دونوں برادر ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جا وید باجوہ سے پی ایس ایل میں حصہ لینے والے بین الاقوامی کرکٹرز نے ملاقات کی۔ملاقات کرنے والوں میں ڈیرن سیمی ،ہاشم آملہ، محمد اکرم اور پشاور زلمی فرنچائز کے مالک جاوید آفریدی بھی شامل تھے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بین الاقوامی کرکٹ پاکستان واپس لانے کے لیے کرکٹرز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پی ایس ایل کی کامیابی کے لیے بھی کرکٹرز کی تعریف کی ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ توقع ہے ان کوششوں سے پوری قوم کو بھر پور خوشیاں ملیں گی ،کرکٹرز نے پاکستان کے مختلف علاقوں کے دورے اور اپنے تجربات سے آرمی چیف کو آگاہ کیا ۔