عدالت عظمیٰ نے احد چیمہ کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی

200

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے   آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں گرفتارسابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی ضمانت سے متعلق دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی ہے۔  عدالت عظمیٰ نے قرار دیا ہے کہ درخواست گزار سپلیمنٹری ریفرنس کے گراؤنڈز کی بنیاد پر دوبارہ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنا چاہتا ہے ،عدالت عالیہ کے پہلے فیصلے میں دی گئی آبزویشنز نئی درخواست پر اثر انداز نہیں ہوں گی ،نئی درخواست ضمانت پر ہائیکورٹ ایک ماہ میں فیصلہ کرے گی۔ بدھ کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے معاملہ پر سماعت کی۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نے ملزم احد چیمہ کے وکلاء کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے آپ کا موجودہ کیس 5 ارب سے زائد اثاثوں کا ہے،گریڈ 19 کے افسر کے پاس اتنی مالیت کے اثاثے کہاں سے آ گئے، نیب کے سپلیمنٹری ریفرنس میں تمام فرانزک رپورٹس دی گئی ہیں جو احد چیمہ کے خلاف جاتی ہیں، ہائیکورٹ میں سپلیمنٹری ریفرنس پر  فیصلہ نہیں ہوا، ،قانونی طور پر نیا ریفرنس دائر ہونے کیخلاف آپ واپس ہائیکورٹ سے رجوع کریں۔ عدالت عظمیٰ نے گرفتار سابق ڈی جی  ایل ڈی اے احد چیمہ کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی ہے۔