سراج الحق کی حافظ ساجد انور اور قدر گل سے ملاقات و اظہار تعزیت

133

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری حافظ ساجد انور اور ان کے بھائی اکرام سے ان کے والد شیر محمد شاہد اور نائب امیر ضلع ملیر قدر گل سے ان کے چچا دین گل کے انتقال پر رہائش گاہ جاکر ملاقات کی اور اظہار تعزیت و دعائے مغفرت کی۔اس موقع پر سیکرٹری جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ، نائب امیر ضلع ملیر نواز خان، سیکرٹری ضلع مفخرعلی سمیت کارکنان اور اہل علاقہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سراج الحق نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ شیر محمد شاہد جماعت اسلامی کا سرمایہ تھے ، انہوں نے اپنی پوری زندگی دین کے قیام کے لیے وقف کر دی تھی ، موت ایک حقیقت ہے اور ہر شخص کو موت کا مزا چکھنا ہے،دنیا کی زندگی دارالامتحان ہے، ہر انسان کو موت کے بعد کی زندگی کی تیاری کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کم عقل انسان اپنے نفس کے پیچھے بھاگتاہے اور عقل مند انسان آخرت کی تیاری کرتا ہے ، ہمیں اپنی صلاحیت کو کل کے لیے محفوظ کرنے کی ضرورت ہے ، بہترین انسان وہ ہے ، جو اپنے آنے والے کل کی تیاری کرے ۔