باغ(صباح نیوز) چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی طرح آزادکشمیر میں بھی امپورٹڈ لوگ اور نظام مسلط کیا گیا تو کشمیری مزاحمت کریں گے ،5اگست کے مودی کے اقدامات کے بعد گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کا درجہ دینے سے عالمی سطح پر پاکستان کا موقف کمزور ہو گا ،آمدہ انتخابات میںاہل لوگوں کو اسمبلیوں میں پہنچائیں تا کہ کشمیرکی آزادی اور ریاست کی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے ، مقبوضہ کشمیرمیں جنگ آزادی جاری ہے ایسے میں بیس کیمپ کے انتخابات اہمیت کے حامل ہیں اس نازک مرحلے پر پاکستان کی حکومت اور ادارے کوئی ایسی بے تدبیری نہ کریں جس سے تحریک آزادی کشمیر کو نقصان ہو ،کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں ان کو مایوسی کا پیغام دینا درست نہیں ہے، ریڈ فائونڈیشن نے تعلیم میں انقلاب برپا کیا ہے ، ریڈ فائونڈیشن کے اساتذہ نے طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت کا اہتمام کیا ہے ،سلیم اعجاز مرحوم کی خدمات یاد رکھی جائیں گی ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے سابق پرنسپل سلیم اعجاز مرحوم کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالرشید ترابی نے کہاکہ اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے ضروری ہے کہ نسل نو کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کا اہتمام کیا جائے ،ریڈ فائونڈیشن کے تربیت یافتہ نوجوان ملکی اور قومی سطح پر اپنا کردار ادا کررہے ہیں، تربیت کے بغیر جولوگ سیکولر اداروں سے پڑھ کر آرہے ہیں وہ اپنے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، اسلامی فلاحی ریاست ان کا ایجنڈا نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے غیور عوام نے جہاد کے ذریعے یہ خطہ آزاد کرایا ہے اور بقیہ کشمیرکی آزادی کی جدوجہد جاری ہے۔