الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹی فکیشن روکنے سے متعلق تحریک انصاف کی استدعا مسترد کر دی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے یوسف گیلانی کی بطورسینیٹرکامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کے لیے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن نے سماعت میں ابتدائی موقف سننے کے بعد استدعا مسترد کرد ی جب کہ یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دینے کی درخواست 22 مارچ کو سماعت کیلئے مقرر کر دی۔
سماعت کے لیے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست مسترد کردی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کی زیرِ صدارت یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت پر وکلا نے اپنے اپنے دلائل مکمل کیے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی نواز کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے خارج کردی۔
عدالت نے درخواست گزار سے کہا کہ آپ کا کیس الیکشن کمیشن میں چل رہا ہے پہلے اسی فورم کو استعمال کریں۔ علی نواز صاحب آپ اچھے اور قابل صلاحیت عوامی نمائندے ہیں۔