لاڑکانہ، زمینی تنازع پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

169

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) آریجا پھیڑہو تھانہ کی حدود میں زمینی تنازع پر بدلے میں کار سوار مسلح افراد نے گاؤں محمد صلاح مغیری کے رہائشی دو بچوں کے والد 45 سالہ محنت کش روشن مغیری اور 25 سالہ نوجوان ندیم کلہوڑو کو فائرنگ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا۔ اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں روشن مغیری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ زخمی کو طبی امداد دی گئی۔ دوسری جانب ورثاء نے لاش کو ایمبولینس کے ذریعے وی آئی پی روڈ پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا، جس کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوکر رہ گئی۔ اس موقع پر مقتول کی بہن شریفان نے اپنے ورثاء سجاد، غلام حسین مغیری و دیگر کے ہمراہ بتایا کہ بھائی روشن علی مغیری اپنے دوست ندیم کلہوڑو کے ہمراہ عدالتی سماعت کے لیے موٹر سائیکل پر آرہا تھا کہ راستے میں مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بھائی قتل اور اس کے دوست زخمی ہوئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔ اس حوالے سے آریجا پھیڑہو پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ زمینی تنازع کے باعث پیش آیا۔ واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے گئے، تاہم ملزم اپنے گھر خالی کرکے فرار ہوگئے، جلد ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔ دوسری جانب پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ واقعے کا مقدمہ درج ہوا نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔