گوجرانوالہ(این این آئی)نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین اور سوسائٹی کے سیکورٹی عملے کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی مالکان کی جانب سے اراضی کے عوض رقم نہ دینے پر لوگوں نے احتجاج کیا تھا، اس دوران سوسائٹی کے سیکورٹی عملے اور مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا جو پر تشدد صورتحال اختیار کر گیا ۔ مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے پتھراؤ کیا، جس پر سیکورٹی عملے کی جانب سے لاٹھی چارج اور فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 3 ہلاکتیں اور 10 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ،ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور صورتحال کو قابو میں کیا جبکہ سوسائٹی مالکان احمد اوجلہ اور وقاص اوجلہ سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔دوسری جانب مظاہرین نے لاشیں جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک کو مکمل بلاک کر دیا۔