مولانا فضل الرحمن پی ڈی ایم کے نمائشی صدر ہیں، حافظ حسین احمد

139

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اس وقت پی ڈی ایم کو عملاً 2 ناتجربے کار بچوں مریم اور بلاول کے فیصلوں کے ویٹو کے تحت چلا یا جارہا ہے جبکہ مولانا فضل الرحمن صاحب صرف نمائشی صدر ہیں اصل میں ’’ایک زرداری سب پر بھاری ثابت ہورہا ہے‘‘ اور جے یو آئی(ف) کے مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں بھی مولانا فضل الرحمن یہی رونا روتے نظر آئے، حافظ حسین احمد نے کہا کہ اب بھی وقت ہے جے یو آئی کو اس دلدل سے باہر نکا لنے کی سنجیدہ کوشش کی جانی چاہیے تاکہ جمعیت علماء اسلام پاکستان کی رہی سہی ساکھ کا تحفظ ممکن ہوسکے۔ اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے یو آئی(ف) کے مخلص کارکنان کو نام نہاد رینٹل مارچ کیلیے 26 کے بجائے 29 مارچ کو اسلام آباد کیلیے نکلنا چاہیے تاکہ پہلے ہی پتا چل سکے کہ جے یو آئی(ف) کے علاوہ پی ڈی ایم کی دیگر پارٹیاں اس بار اپنے کتنے کارکن اسلام آباد کے میدان میں لاتی ہیں، کیونکہ اب بھی ن لیگ اور پیپلز پارٹی وغیرہ جے یو آئی(ف) کے مخلص کارکنوں کو اسلام آباد بلاکر ماضی کی طرح جے یو آئی(ف) اور مولانا فضل الرحمن کو ’’ماموں‘‘ بنائیں گی۔