فیصل واوڈا نااہلی کیس: کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی بھی درخواست دائر

387

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا کی سینیٹ الیکشن میں کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کیخلاف درخواست دائر کر دی گئی جبکہ نااہلی کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم نامہ طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیصل واوڈا نے سینیٹ کا الیکشن تو جیت لیا تاہم آج الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن کے وکیل جہانگیر جدون نے فیصل واؤڈا کا بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست جمع کرادی ہے۔

جہانگیر جدون نے درخواست میں استدعا کی ہےکہ جھوٹے بیان حلفی پر فیصلے تک فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا جائے کیونکہ فیصل واؤڈا صادق اور امین نہیں رہے اور  نااہلی کی درخواست آج ہی سماعت کیلیے مقرر کی جائے۔

خیال رہے مسلم لیگ ن کے وکیل جہانگیر جدون نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرا دی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ فیصل واوڈا کی نااہلی کی درخواست آج ہی سماعت کے لیے مقرر کی جائے کیونکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کہہ چکی ہے کہ فیصل واوڈا کا حلف نامہ جھوٹا ہے اور فیصل واوڈا نہ الیکشن کمیشن اور نہ ہی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق نیا ٹریبونل بن سکتا ہے ، شہباز شریف نے بھی سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جبکہ الیکشن کمیشن کو فیصل واوڈا خلاف نااہلی کیس سے روکا جائے جس پر الیکشن کمیشن نے حقائق کے برخلاف فیصل واوڈا کی درخواست مسترد کی۔

واوڈا کے وکیل کا کہناتھا کہ الیکشن کمیشن کو فیصل واوڈا کے خلاف خلاف شکایات سننے کا اختیار نہیں ، میں نے اعتراض عائد کیا جیسے مسترد کردیا گیا ، قرار دیا جائے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار نہیں رکھتا۔

جس پر جسٹس امجد ستہو کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی فیصل واوڈا کیس میں حکم نامہ جاری کیا ہے جبکہ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کے خلاف کیس کیسے سن سکتا ہے، اگر کراچی میں کیسز چل رہے ہوتے تو الگ بات تھی، الیکشن کمیشن کو فی الوقت نہیں روک سکتے

دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ میں فیصل واؤڈا کی درخواست پر سماعت ہوئی ، فیصل واؤڈا کے وکیل نے کہا کہ قادر خان مندوخیل اور دیگر نے الیکشن کمیشن میں براہ راست شکایت درج کی ہیں۔

سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو نااہلی کی کارروائی روکنے سے متعلق فیصل واؤڈا کی فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد کردی ہے جبکہ سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن ، وفاقی حکومت اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 مارچ کو تفصیلی جواب طلب کرلیا ہے۔

عدالت کا کہناتھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی فیصل واوڈا کیس میں حکم نامہ جاری کیا ہے ، جس پر عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ طلب کرلیا ہے۔