اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی دوبارہ منظم ہو رہی ہے جب کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں دہشت گردی کے واقعات کا خدشہ ہے تاہم دہشت گرد شکست کھائیں گے اور ملک میں امن و سکون کی فضا قائم ہوگی۔ پمزاسپتال اسلام آباد میں گزشتہ روز فائرنگ سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز راولپنڈی اور وفاقی دارالحکومت میں فائرنگ کے 2 واقعات میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے جس کی مذمت کرتے ہیں۔ شیخ رشید نے فائرنگ کرنے والے مجرمان کو گرفتار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کانسٹیبل قاسم کی قیمتی جان جانے پر غم اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں زخمی اہلکاروں کو ہر ممکن طبی سہولت دی جائے‘ مجرمان قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے‘ شہدا کے لواحقین کے ساتھ پورا تعاون کیا جائے گا‘ پولیس اور فوج امن و امان قائم کرتی ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ روز اسمبلی کے سامنے جو کچھ ہوا برا ہوا‘ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے لیکن قائدین کو بھی پریس کانفرنس کے لیے مناسب جگہ کا انتخاب کرناچاہیے تھا۔ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں ان کو تبدیل نہیں کیا جا رہا۔