ملک میں ایک بار پھر سے دہشت گردی کا خطرہ ہے، شیخ رشید

418

اسلام آباد:   وفاقی وزیر داخلہ  شیخ رشید کا کہنا ہے کہ  ملک میں ایک بار پھر سے دہشتگرد منظم ہو  رہے ہیں،اسلام آباد اور کراچی میں دہشت گردی کےواقعات کاخطرہ ہے۔

اسلام آبادمیں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے  پولیس اہلکار کی شہادت اور 2 زخمی ہونے والے سب انسپکٹر  کی عیادت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ زندگی کا کوئی معاوضہ نہیں ہے، پولیس نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے امن کی فضا قائم کی۔

وزیر داخلہ  کا کہنا تھا کہ افغانستان سے ٹی ٹی پی دوبارہ منظم ہو رہی ہے،  اسلام آباد میں تمام ناکے ختم کیے جائیں گے اور جدید سیکیورٹی سسٹم لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ افغانستان میں گزشتہ شب مستونگ کے قریب کاؤنٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات پر دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کر 5 دہشت گرد ہلاک کردیے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا اہم کمانڈر شامل تھا۔