اسلام آباد: نئی قومی ہوا بازی پالیسی 2021 تیار

248

اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ائیرلائن آپریٹرز کو سہولت دینے کا فیصلہ کرلیا اور اسی کے تحت نئی ائیرلائنز کو 6 اندرون ملک پروازوں کے بعد بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے کی اجازت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ہوابازی کی صنعت کے لیے سول ایوی ایشن نے اقدام اٹھاتے ہوئے ایئرلائن آپریٹرز کوسہولت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایئرلائنز آپریٹرز کیلیے تجاویزتیار کر لیں۔

سول ایوی ایشن ترجمان کے مطابق تجاویز میں کہا گیا ہےکہ نئی ایئر لائن کو بین الاقوامی فلائٹس شروع کرنے کے لیے 6 ماہ کی چھوٹ دی جائے گی جبکہ نئی ایئرلائنز 6 اندرون ملک پروازوں کے بعدبین الاقوامی پروازیں شروع کرسکیں گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق  ایئرلائنز کی 6 ماہ کی کارکردگی ، ریگولیٹری ،  پنکچولیٹی سے مشروط ہوگی تاہم سوشل اکنامک روٹس پر فضائی کمپنی کو 5 فیصد فلائٹ آپریشن لازمی قرار دیا گیا ہے جن میں سکھر ، بہاولپور و دیگرسوشل اکنامک روٹس پر پروازیں آپریٹ کرنا لازم ہونگی۔

دوسری جانب سی اے اے نے نئی قومی ہوا بازی کی پالیسی 2021 کی تیاری مکمل کرلی ہے جبکہ مذکورہ پالیسی وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ترتیب دی گئی ہے۔

سی اے اے کے مطابق نئی پالیسی سے ہوابازی صنعت کو فروغ اور ایئرلائنز کو سہولت میسر ہوگی جبکہ ایوی ایشن پالیسی 2019 میں ردوبدل کا ٹاسک ڈائریکٹرایئر ٹرانسپورٹ کو دیا گیا ہے۔

خیال رہے ایوی ایشن پالیسی 2021 وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی اور وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد نئی پالیسی پر عمل درآمد ہوگا جبکہ  سیاحت کے فروغ کے لیے سیاحت کو فروغ دینا اور علاقائی انضمام لائسنس (ٹی پی آر آئی لائسنس) متعارف کرائے گیے تھے۔