سکھر (نمائندہ جسارت) شہر میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم ، جناح ویلفیئر کے زیر اہتمام شہریوں کامتعلقہ محکموں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ، نعریبازی ، سکھر انتظامیہ و متعلقہ محکموں کے افسران کو قبلہ درست کرنے کیلیے 72گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیا ، اگر شہری مسائل پر توجہ نہ دی گئی تو دما دم مست قلندر ہوگا ، مظاہرین کا اعلان۔ سکھر شہر میں نکاسی آب نظام خراب ہونے کے خلاف شہریوں کی کثیر تعداد نے جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن سکھر کے زیر اہتمام چھنچر اسٹریٹ سکھر میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور متعلقہ محکموں کے خلاف نعریبازی کی ، مظاہرے کی قیادت جناح ویلفیئر کے صدر اصلاح الدین شیخ، حکیم محمد عارف میمن ، مبارک علی ، ندیم احمد ، خالد ملک ، صادق انصاری و دیگر کر رہے تھے ۔ اس موقع پر شرکاءنے سکھر میونسپل کارپوریشن ، محکمہ پبلک ہیلتھ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے خلاف تحریری پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے ، مظاہرے کے دوران جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اصلاح الدین شیخ کا کہنا تھا کہ نساسک کے بعد نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کیلیے محکمہ پبلک ہیلتھ کو ذمہ داری سونپی گئی لیکن افسوس نساسک نے اپنے دور میں لاکھوں کی کرپشن کی اب محکمہ پبلک ہیلتھ کروڑوں روپے کی کرپشن کر رہا ہے ، شہر کے مختلف رہائشی و تجارتی مرکز، جناح چوک، چھنچر اسٹریٹ ، بندر روڈ ، مارچ بازار، اہلحدیث مسجد والی گلی، کپڑا مارکیٹ، فریئر روڈ، انجن شیڈ کالونی، نمائش گراﺅنڈ، مائیکرو کالونی، بھوسہ لائن، نیو پنڈ، ریلوے کالونی، مقام روڈ، گھنٹہ گھر، دھرم شالہ روڈ، میانی روڈ، غریب آباد، بیراج روڈ، ورکشاپ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں نالیوں اور گٹروں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز گندا پانی جمع ہونا معمول بنتا جارہا ہے جو لمحہ فکر ہے۔ سکھر میونسپل کارپوریشن، محکمہ پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی مسلسل نااہلی کی وجہ سے شہری دوہرے عذاب میں مبتلا ہیں۔ متعلقہ محکموں کے افسران گونگے بہرے بن چکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سکھر بھی شہریوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آتے۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ اگر سکھر انتظامیہ سمیت متعلقہ محکموں نے اپنا قبلہ درست کر کے شہر کا نکاسی کا نظام 72 گھنٹوں کے اندر درست نہ کیا تو پھر جلد سکھر کی دیگر کی سیاسی و سماجی تنظیموں کے ہمراہ سکھر میونسپل ایڈمنسٹریٹریشن، محکمہ پبلک ہیلتھ سمیت ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندگان کیخلاف احتجاجی تحریک چلائی جائیگی۔