یوسف رضا گیلانی کی کامیابی سے حکومت کی چولیں ہل گئیں، عبدالجبار

150

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد سے سینٹ کی نشست پر یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے بعد سے حکومت کی چولیں ہل گئی ہیں اور یہ حکومت چند روز کی مہمان ہے اور ان حکمرانوں کی بوکھلاہٹ یہ بتارہی ہے کہ ان کے دن گنے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے لانگ مارچ اور احتجاج کے بعد اس حکومت کا رکنا مشکل ہوجائےگا کیونکہ عمران خان نے جتنے بھی دعوے اور وعدے کئے وہ سب ناکام رہے ، ڈھائی سال کا عرصہ ضائع ہوچکا ہے غریب عوام کی امیدوں کا جس طرح قتل کیا گیا اس کے بعد عوام ان حکمرانوں کے اصل چہروں کو پہچان چکے ہیں، مانگے تانگے کی یہ حکومت اب زیادہ عرصے نہیں چل سکے گی کیونکہ بیساکھیوں پر قائم اس حکومت نے غریب عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، مہنگائی عروج پر ہے، غریب عوام دو وقت کی روٹی کھانے سے بھی محروم ہوچکے ہیں۔ بے روزگاری، غربت میں اس قدر اضافہ ہوچکا ہے کہ اب لوگ خودکشیوں پر مجبور ہوگئے ہیں اس لیے جتنی جلد اس حکومت سے چھٹکارا حاصل کرلیا جائے اتنا ہی اچھا ہے ورنہ پورا ملک خانہ جنگی کی لپیٹ میں آجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام فیصلہ دے چکی ہے کہ وہ اس حکومت کے ساتھ نہیں ہیں۔