فیاض چوہان کی بلاول اور شہباز شریف پر شدید تنقید

126

لاہور (آن لائن) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے لاہور میں بلاول زرداری اور حمزہ شہباز کی طرف سے کی گئی حکومت مخالف میڈیا ٹاک پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ خاندانی اور موروثی سیاست کے رحم و کرم پر پیدا ہونے والے آل شریف و زرداری کے دونوں سپوت اپنے اپنے ابو بچانے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سندھ کے خود پیدا کردہ وڈیرہ اور جاگیرداری کلچر میں پلنے والے بلاول کے منہ سے عوام کی بات مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سیاست میں اخلاقی اور پارلیمانی اقدار کا اعلیٰ معیار متعارف کرایا ہے۔ پاکستان ڈاکو موومنٹ کے آئیں بائیں شائیں کرنے سے حکومت کی کارکردگی چھپ نہیں سکتی۔ فیاض چوہان نے کہا کہ پی ڈی ایم ایڑی چوٹی کا زور لگا لے، وزیراعظم عمران خان کو اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔