الخدمت کالج مری جدید خطوط پر کام کر رہاہے‘ شاہد اقبال

197

راولپنڈی )اسٹاف رپورٹر) الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے تحت الخدمت کالج مری میں داخلے کے لیے ینگ ٹیلنٹ کی تلاش کے انٹرویوز کیے گئے۔الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہد اقبال نے کہا ہے کہ الخدمت کالج مری جدید خطوط پر گامزن ’’ سینٹر آف ایکسیلنس‘‘ کے طور پر کام کر رہاہے۔ آغوش کالج ایک مکمل اسٹیٹ آف دی آرٹ کمپلیکس ہے جہاں پر تعلیم حاصل کرنے والا ہر بچہ پاکستان کا بہترین شہری بنے گا۔ الخدمت فائونڈیشن پاکستا ن کے تحت گزشتہ چند ہفتوں سے آغوش کالج کی ایڈمیشن کمیٹی نے اپنی شاندار روایت کے مطابق کالج انٹری ٹیسٹ شروع کر رکھے ہیں ۔ینگ ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے ایڈمیشن کمیٹی اور انٹرویو پینل ترتیب دیا گیا۔ایڈمیشن کمیٹی کے بعد انٹرویو پینل نے تمام طلبہ کاانٹرویو کیا جو آغوش کالج مری میں داخلے کے خواہش مند تھے۔ آغوش کالج مری چونکہ سینٹر آف ایکسیلنس ہے جو نہ صرف الخدمت فائونڈیشن کے دیگر آغوش ہومز کے لیے رول ماڈل ہے بلکہ اعلی معیار کا ایک بہترین اقامتی ادارہ ہے جہاں بچوں کو تعلیم، صحت رہائش، خوراک ، کھیل ، نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے علاوہ دیگر سہولیات میسر ہیں ۔یاد رہے’’ آغوش کالج مری‘‘ مر ی ایکسپریس وے پر اسلام آباد سے 35 کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے۔جہاں اس وقت 64 بچے جدید تعلیم کے حصول کے لیے ہمہ تن مصروف ہیں۔