تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک طیارے کے اغوا کی سازش کو ناکام بنا دیا۔ بیان کے مطابق ایرانی فضائی کمپنی کا فوکر 100 طیارہ جمعرات کی شب اہواز سے مشہد جا رہا تھا۔ اس دوران کپتان اصفہان کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ میں کامیاب رہا اور اغوا کار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق اغوا کار طیارے کو ملک سے باہر ایک ہوائی اڈے پر لے جا کر طیارے سے اتر جانے کا ارادہ رکھتا تھا، تاہم اس ملک کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔