سکھر،نیو گوٹھ قبرستان کے اطراف غیر قانونی قبضوں کا سلسلہ جاری

217

سکھر (نمائندہ جسارت) نیو گوٹھ قبرستان کے اطراف غیر قانونی قبضوں کا سلسلہ جاری، قبضوں اور علاقے میں چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کیخلاف علاقہ مکین سراپا احتجاج، ایس ایس پی سکھر سمیت قبرستان کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ سکھر میونسپل کارپوریشن کی یوسی 9 نیو گوٹھ کے مکینوں کی کثیر تعداد نے علاقہ معززین حاجی محمد شاہد، سردار ایوب و دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا کہ نیوگوٹھ کے قدیمی قبرستان کی قبریں مسمار کرکے قبضہ کرکے بڑی عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں، جس سے نا صرف قبروں کا تقدس پامال ہورہا ہے بلکہ قبضوں کی وجہ سے واپڈا آفس کا راستہ بھی بند کردیا گیا۔ راستوں پر قبضے اور تعمیرات کی وجہ سے پولیس اہلکاروں کو بھی گشت میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ گشت نہ ہونے کی وجہ سے علاقے میں آئے دن چوری، ڈکیتی کی واردتوں میں اضافہ ہورہا ہے، قبرستان میں قبضے کے حوالے سے سابق یوسی چیئرمین محمد عامر عمر بندھانی سے بھی ملاقات کرکے انہیں تمام صورتحال سے آگاہ کیا، انہوں نے یقین دلایا کہ جلد مسائل کا حل نکالا جائے گا لیکن ابتک کچھ نہیں ہوا۔ مظاہرین نے ایس ایس پی سکھر، کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر سکھر میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر بالا حکام سے نوٹس لے کر قبضہ عناصر کیخلاف مؤثر کارروائی عمل میں لاکر قبروں کو بے حرمتی سے بچاکر بند راستے کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔