گوادر (رپورٹ:انجینئر حاجی حنیف حسین) گوادر کرکٹ اسٹیڈیم کی عالمی سطح پر پذیرائی منتظمین کی محنت کا ثمر ہے، آج سے 2,3سال پہلے یہ اسٹیڈیم محض ایک گراؤنڈ تھا، گوادر کے مقامی کرکٹرز اور ایسو سی ایشن کے عہدیداران کی محنت کی بدولت یہ اسٹیڈیم اب انٹرنیشنل اسٹیڈیم بننے جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاک آرمی کے کرنل عمران طارق نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے سیاح طویل سفر کرکے اس خوبصورت اسٹیڈیم کو دیکھنے آ رہے ہیں اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ سینٹر محمد اسحاق کرکٹ اسٹیڈیم کی خوبصورتی کو مزید پذیرائی اور گوادر کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ گوادر: نیواسٹار کرکٹ کلب کی رونمائی کٹس و ایوارڈ تقریب سینٹر محمد اسحاق کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی ۔تقریب نیواسٹار کرکٹ کلب کے سینئر کھلاڑیوں شعیب نور اور امجد مراد کے گوادر میں اسپورٹس کے لیئے جدوجہد اور اْن کی قربانیوں کی اعتراف میں دونوں لیجنڑز کرکٹرز کے نام سے منسوب کی گئی – ایونٹ اور کلب کو ایوان پرائیویٹ لمیٹڈ نے اسپانسر کیا جو ملک کا ایک معروف کنسلٹنسی فرم ہے۔ تقریب کے مہمان خاص سینئر صحافی اور معروف کمینٹیٹر قمر احمد تھے جو خصوصی طور پر تشریف لائے تھے ۔ مہمانان خاص میں پاک آرمی کے کرنل عمران طارق، پاک نیوی کے کمانڈر کنور راجا، پرنسپل بلوچستان ریزڈینشل کالج تربت عبدالرزاق صابر، پرنسپل جی ڈی اے اسکول ڈاکٹر ظفر اقبال، ڈیسک ایڈیٹر جنگ کراچی خلیل احمد ناصر، سید وزیر علی قادری سینئر رپورٹر اور انچارج اسپورٹس صفحہ روزنامہ جسارت اور گوادر کرکٹ کمیٹی کے سربراہ زاہد سعید شامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی و معروف کمینٹیٹر قمر احمد نے کہا کہ میں دنیا کے بہت سارے خوبصورت کرکٹ اسٹیڈیمز دیکھ چکا ہوں مگر سینٹر محمد اسحاق کرکٹ اسٹیڈیم جیسا خوبصورت اسٹیڈیم میںنے آج تک نہیں دیکھا ۔ نیواسٹار کرکٹ کلب کے منتظمین اور کھلاڑیوں کی محنت و پروفیشنل اپروچ اورسچی لگن سے اندازہ ہوا کہ نوجوان کرکٹرز اسپورٹس سے کتنے مخلص و جنون رکھتے ہیں ۔گوادر کے کرکٹرز میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، نوجوان کرکٹرز کی محنت لگن جزبہ و شوق قابل دید ہے ۔سینٹر محمد اسحاق کرکٹ اسٹیڈیم کی مزید تزئین و آرائش کی ضرورت ہے تاکہ یہاں انٹرنیشنل اور فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلے جاسکیں ۔کمانڈر پاک نیوی کنور راجا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کرکٹ نے ملک سمیت پورے دنیا میں گوادر کی ایک خوبصورت امیج پیش کیا ہے۔ اس طرح کے ایونٹس منعقد کرنے سے گوادر کرکٹ کو مزید فروغ حاصل ہوگا گوادر کے شہریوں ایسوسی ایشن اور سکیورٹی اداروں کی محنت کی بدولت اس اسٹیڈیم کے دنیا میں چرچے ہورہے ہیں ۔ ایسوسی ایشن اور شہریوں کے تعاون کے بغیر اس اسٹیڈیم کی خوبصورتی اور گوادر کا سافٹ امیج پیش کرنا ممکن نہیں تھا ۔نیواسٹار کرکٹ کلب کے سینئر نائب صدر حاجی حنیف حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ؛گزشتہ 8سال سے نیواسٹار کرکٹ کلب کا اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔ نیواسٹار کلب نے اپنی جونئر ٹیم تشکیل دی ہے جو 8 سال سے لیکر 15 سال کے جونئر کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو عنقریب اپورٹس ایونٹس میں حصہ لے گی۔ تقریب میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والوں میں ان کے کردار کے اعتراف میں پروفیشنل ایوارڑز بھی دئے گئے ۔نیواسٹار کرکٹ کلب کے سابق پلیر اور بانی کرکٹر پرویز جمیل نے تمام مہمانان کا پروقار تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔دریں اثنا نیواسٹار کرکٹ کلب کے زیر اہتمام کرکٹ ٹورنامنٹ فائنل میچ بلوچ کرکٹ اور مون کرکٹ کلب کے مابین کھیلا گیا جو بلوچ کرکٹ کلب نے 5 وکٹوں سے جیت لیااور مین آف دی میچ محسن ابراہیم اور مین ٹورنامنٹ رزاق محمد رہے۔نیواسٹار کرکٹ کلب گوادر کا واحد کلب بن گیا جس نے سینٹر محمد اسحاق کرکٹ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے بعد فائنل ایونٹس کرنے کا اعزاز حاصل کیا ۔