کیرون پولارڈ نے ایک اوور میں6 چھکے لگا دیے

290

سیدپرویز قیصر

سری لنکا کے خلاف کولیج میں کھیلے گئے پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ ایک اوورکی تما6 گیندوں کو بائونڈری لائین سے باہر کی سیر کرانے میں کامیاب ہوئے۔
ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اوور میں 6 چھکے لگانے والے وہ بھارت کے یوراج سنگھ کے بعد دوسرے بلے باز بنے۔ بین الاقوامی کرکٹ میں یہ تیسرا موقع ہے جب کسی بلے با ز نے ایک اوور میں 6 چھکے لگائے ہیں۔
سری لنکا نے20 اوور میں 9 وکٹوں پر 131 رنز بنائے تھے۔ ویسٹ انڈیز نے3.1 اوور میں کسی نقصان کے بغیر52 رنز بنالئے تھے، ویسٹ انڈیز کی اننگ کا چوتھا اوور اکیلا دھننجہ کرارہے تھے۔ انہوں نے دوسری گیند پر ایوں لوئیس کودنوشکا گوناتلاکا کے ہاتھوں کیچ کرانے کے بعد اگلی گیند پر کریس گیل کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ اگلی گیند پر وہ نیکولاس پورن کو وکٹ کیپرنروشن ڈکوالا کے ہاتھوں کیچ کراکے ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سری لنکا کے تیسرے بولر بنے۔ سری لنکا کی جانب سے ابھی تک4 ہیٹ ٹرک ہوئی ہیں۔ لاستھ ملنگا نے2 مرتبہ ایسا کیا ہے جبکہ تھساراپریرا نے ایک مرتبہ ہیٹ ٹرک کی ہے۔
آف بریک اور لیگ بریک دونوں قسم کی بولنگ کرانے والے، اکیلا دھننجہ کی ہیٹ ٹرک کرنے کی خوشی زیادہ دیر تک قائم نہیں رہی۔اگلے ہی اوور میں کیرون پولارڈ نے انکی تمام6 گیندوں کو بائونڈری لائین سے باہر پہچادیا۔ پہلی گیند کو انہوں نے لانگ آن بائونڈری کی سیر کرائی۔دوسری گیند کو وہ سائیڈ اسکرین کے پاس پہچانے میں کامیاب ہوئے۔تیسری گیند کو لانگ آف بائونڈری کے باہر پہچاکر انہوں نے چھکوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔چوتھی بال کو کیرون پولارڈ میڈ وکٹ بائونڈری سے باہر پہچانے میں کامیاب رہے جبکہ 5ویں گیند کو وہ بولر کے سر کے اوپر سے بائونڈری لائین سے باہر کی۔ چھٹی اور آخری گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ پر چھکا لگا۔
ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اوور میں 6 چھکے لگانے والے پہلے بلے باز بھارت کے یوراج سنگھ تھے۔ بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے اس کھلاڑی نے انگلینڈ کے خلاف ڈربن میں19 ستمبر2007 کو کھیلے گئے میچ میں تیز بولر اسٹورٹ براڈ کے اوور میں ایسا کیا تھا۔یوراج سنگھ نے14 منٹ میں16 گیند پر 3 چوکوں اور7 چھکوں کی مدد سے58 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ انہوں نے اپنی سنچری 12گیندوںپر مکمل کی تھی جو ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے تیز نصف سنچری ہے۔ بھارت کی اننگز کے 19ویںاوور میں جو اسٹورٹ براڈ کا چوتھا اور آخری اوور تھا، یوراض سنگھ نے پہلی گیند کو کور بائونڈری پر شاندار چھکا لگانے کے بعد دوسری گیند کو بیکورڈ اسکوئر لیگ بائونڈری کے باہر پہچایا۔تیسری بال پر انہوں نے ایکسڑا کور بائونڈری پر چھکا مارا جبکہ چوتھی گیند وہ بیک ورڈ پوائنٹ پر چھکا لگانے میں کامیاب رہے۔5ویں گیند میڈ وکٹ بائونڈری کے باہر اور آخری گیند وائیڈ میڈ وکٹ بائونڈری سے باہر گئی۔
ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں جنوبی افریقا کے ہرشل گبس نے ہالینڈ کے ڈان وین بنگی کے خلاف16 مارچ2007 کے بیسیٹیری میں کھیلے گئے عالمی کپ کے میچ میں6گیندوں پر6 شاندار چھکے لگانے میں کامیاب رہے تھے۔