سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور جمیعت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ الیکشن میں کامیاب کرانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نے حکمت عملی سے حکومتی طاقتور امیدوار کو شکست دی، حکومت کے اپنے اراکین ہم سے رابطے میں ہیں، وہ ان سے تنگ ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی ہمارے مشترکہ اور متفقہ امیدوار تھے، یوست رضا گیلانی کی کامیابی پی ڈی ایم کی کامیابی ہے۔ اسی اتحاد سے عمران خان کو اقتدار سے رخصت کریں گے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ اتحادیوں کی مشاورت سے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کا فیصلہ کریں گے۔
سینیٹ الیکشن میں وزیر خزانہ حفیظ شیخ کی شکست کے بعد تینوں رہنماؤں نے وزیر اعظم عمران خان سے فوری استعفیٰ اور نئے الیکشن کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔
رہنماؤں نے پی ڈی ایم کی مستقبل کی حکمت عملی اور لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔