تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا اور دیگر فریق جوہری معاہدے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں تو یہ تنازع 2 دن میں حل کیا جاسکتا ہے۔ تہران میں کابینہ اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں روحانی نے امریکا کی ایران پر پابندیوں اور جوہری معاہدے سے متعلق اپنا تجزیہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اسرائیل نے ورغلایا تھا،تاہم جو بائیڈن انتظامیہ کو ان غلطیوں کی تلافی کرنی چاہیے۔ امریکا میں نئی حکومت کے طرز میں تھوڑی تبدیلی ضرور آئی ہے، کم ازکم سابقہ حکومت کی پالیسیوں کے غلط ہونے کا اعتراف تو کرہی لیا گیا ہے۔