کراچی(آن لائن)ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے صدارتی ریفرنس پر اپنی رائے دی اور خوشی ہے کہ عدالت نے پیپلز پارٹی کے اصولی موقف سے اتفاق کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سندھ اسمبلی بلڈنگ کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف تھا کہ سینیٹ انتخابات آئین کے تحت ہوں جس پر اپوزیشن جماعتوں نے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج آئین سے محبت کرنے والوں کا دن ہے اور یہ ان کا دن ہے جنہوں نے قانون کی حکمرانی پریقین کیا اب الیکشن کمیشن کی ذمہ دری ہے کہ سینیٹ انتخابات میں دھاندلی کو روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی جنگ ہارنے کے بعد یہ لوگ دھونس اور دھمکی کو استعمال کرسکتے ہیں اور یحییٰ آفریدی نے اپنے نوٹ میں واضح لکھا ہے کہ صدارتی ریفرنس صحیح نہیں تھا۔ ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ایم این ایز اور ایم پی ایز ان کو ووٹ نہیں دیں گے لہذا انہوں نے مجبوراً اے ٹی ایمز کو ووٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔