عدالت عظمیٰ کا فیصلہ پیپلز پارٹی کے مؤقف کی توثیق ہے،مرتضیٰ وہاب

214

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ نے صدارتی ریفرنس پر اپنی رائے دی اور خوشی ہے کہ عدالت نے پیپلز پارٹی کے اصولی مؤقف سے اتفاق کیا۔ سندھ اسمبلی بلڈنگ کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا مؤقف تھا کہ سینیٹ انتخابات آئین کے تحت ہوں جس پر اپوزیشن جماعتوں نے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج آئین سے محبت کرنے والوں کا دن ہے اور یہ ان کا دن ہے جنہوں نے قانون کی حکمرانی پریقین کیا اب الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے کہ سینیٹ انتخابات میں دھاندلی کو روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی جنگ ہارنے کے بعد یہ لوگ دھونس اور دھمکی کو استعمال کرسکتے ہیں اور یحییٰ آفریدی نے اپنے نوٹ میں واضح لکھا ہے کہ صدارتی ریفرنس صحیح نہیں تھا۔ ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ایم این ایز اور ایم پی ایز ان کو ووٹ نہیں دیں گے لہٰذا انہوں نے مجبوراً اے ٹی ایمز کو ووٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔ ۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ واضح ہے اور الیکشن کمیشن کو یقینی بنانا پڑے گا کہ پی ٹی آئی والے اس شفاف اور خفیہ عمل کو متاثر نہ کر پائیں۔ ترجمان سندھ حکومت نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔