سکھر ڈسٹرکٹ بار کے انتخابات، پروگریسیو گروپ کامیاب

51

سکھر (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سکھر کے سالانہ انتخابات میں صدر ہائیکورٹ بار سکھر قربان ملانو ایڈووکیٹ کے حمایت یافتہ پروگریسیو گروپ کے امیدوار کامیاب ہوگئے، غیر حتمی نتائج کے مطابق شفقت رحیم راجپوت 621 ووٹ حاصل کرکے اپنے مدمقابل جمال ناصر بلو (298 ووٹ) کو شکست دیکر صدر جبکہ سندر خان چاچڑ 516 ووٹ حاصل کرکے جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے، ان کے مد مقابل جنرل سیکرٹری کے امیدوار قربان علی شر 399 حاصل کرسکے۔ علاوہ ازیں ذوالفقار علی ملانو 639 ووٹوں کیساتھ نائب صدر، کے ڈی سانگی 468 ووٹ لیکر جوائنٹ سیکرٹری، سید اشفاق علی شاہ 570 ووٹ لیکر سیکرٹری فنانس اور زبیر کلوڑ 534 ووٹ کیساتھ لائبریرین منتخب ہوگئے۔ مزید برآں پاکستان پیپلز پارٹی سٹی سکھر کے سیکرٹری اطلاعات چودھری اظہر حسنین نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے شفقت رحیم صدر، سندر چاچڑ جنرل سیکرٹری اور دیگر عہدیداروں کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیت کی خوشی میں پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر ورکر آپ کی خوشیوں میں برابر کا شریک ہے۔ امید ہے کہ ماضی کی طرح اس بار بھی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی مظلوموں کی آواز بنے گی اور انہیں ان کا حق دلائے گی۔