لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) اینٹی کرپشن کورٹ نے جرم ثابت ہونے پر گڑھی یاسین تھانہ کے ہیڈ محرر کو 8 سال قید کی سزا سنادی۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ اینٹی کرپشن کورٹ میں 10 سال قبل گڑھی یاسین تھانہ کے ہیڈ محرر اے ایس آئی میہر علی سولنگی پر سرکاری خزانے سے تھانہ رستم کی عمارت کے لیے نکلوائے گئے پیسوں میں غبن اور سرکاری اسلحے کے زورپر غیرقانونی طور پر تبدیل کرنے کے متعلق دائر مقدمے کی سماعت ہوئی جہاں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے گڑھی یاسین تھانہ کے ہیڈ محرر میہر علی سولنگی کو 8 سال قید کی سزا سنادی۔ واضح رہے کہ سال 2011ء میں ایسا واقعہ رونما ہوا جس واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں ایس ایچ او جبار کولاچی کی جانب سے ایس ایچ او تھانہ رستم اور ہیڈ محرر اے ایس آئی میہر علی اور ایس ایچ او ذوالفقار پٹھان کے خلاف درج کیا گیا جس مقدمے میں ایس ایچ او ذوالفقار پٹھان روپوش ہیں۔ دوسری جانب سزا کے بعد ملزم پولیس اے ایس آئی کو لاڑکانہ سینٹرل جیل منتقل کیا گیا۔