سکھر، آن لائن بکنگ میں جعلسازی کرنے والے ملزمان گرفتار

121

سکھر (نمائندہ جسارت) روہڑی پولیس کی کارروائی، آن لائن بکنگ میں جعلسازی کر کے ہاف کو فل اور فل کو ہاف ٹکٹ کے ذریعے مسافروں کو فروخت کرنے والے دو کارندے گرفتار، ایس پی ریلوے کی جانب سے کامیاب کارروائی پر ریلوے تھانہ روہڑی کی پولیس پارٹی کو شاباشی کا پیغام۔ ایس ایچ او ریلوے تھانہ روہڑی الطاف حسین کی ہدایت پر ڈیوٹی افسر ASI سہراب خان ہمراہ دیگر پولیس ملازمین نے روہڑی اسٹیشن بکنگ آفس کے قریب دوران گشت دو مشکوک افراد جو کہ بکنگ آفس کے قریب غیرقانونی طور پر آنے والے مسافروں کو ٹکٹ فروخت کرنے میں مصروف تھے۔ پولیس پارٹی نے دونوں کو پکڑ کر تلاشی لی تو ملزم صارم سے 5 عدد اور دوسرے ملزم اشرف سے آن لائن بک شدہ کمپیوٹرائز ٹکٹ جوکہ ٹرین 146 ڈاؤن سکھر ایکسپریس سکھر تا کراچی برآمد ہوئے۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے روہڑی ریلوے تھانے میں لاک اپ کردیا۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او ریلوے تھانہ روہڑی الطاف حسین کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان نے پولیس کی تفتیش میں اعتراف کیا ہے کہ وہ دونوں آئن لائن ٹکٹ بک کرتے ہیں اور ہاف ٹکٹ بک کرکے کمپیوٹر کی مدد سے جعل سازی کرتے ہوئے ریلوے مسافروں کو ہاف ٹکٹ کو فل رقم میں مسافروں کو فروخت کرتے تھے۔ ایس پی ریلوے سکھر ڈویژن امجد منظور نے ریلوے تھانہ روہڑی پولیس پارٹی کو کامیاب کارروائی پر شاباش کا پیغام دیا ہے۔