سفیرِپاکستان راجا علی اعجازاورقونصل جنرل پاکستان خالد مجید کی زیرصدارت ریاض اور جدہ میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے بھرپور شرکت کی اور اپنی شکایات ، پریشانیاں اورمشکلات پیش سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز اور قونصل جنرل خالد مجید نے شکایات، تبصرے اور تجاویز وصول کرتے ہوئے اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ کھلی کچہری میں شریک افراد نے حکومت کے اس اقدام کو سراہا اور سفارت و قونصل خانے کے عملے کا شکریہ ادا کیا۔
سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ اقاموں سمیت دیگر مسائل بہت زیادہ ہیں جب کہ سفارت خانے میں ان کیسز کی سماعت بہت کم ہے، جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا تھا، تاہم سعودی حکومت کے ساتھ مل کر تمام مسائل کا حل نکالا جائے گا۔ قونصل جنرل خالد مجید نے شکایت گزاروں سے درخواستیں وصول کیں اور مزید معاملات کے لیے کمیونٹی ویلفیئر ثاقب اور قونصلر محمد حسن سے رابطہ رکھنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو بھی موجود تھے۔
ایم ایل ایس ویئرہاؤس کے انچارج عبدالرحمٰن کے اعزاز میں الوداعی تقریب
ایم ایل ایس ویئر ہاؤس جدہ کے انچارج عبدالرحمٰن خان کے اعزاز میں عملے کی جانب سے الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ریجن منیجر سید احسن ظفر اور نئے انچارج عیسیٰ ادرکر نے خصوصی شرکت کی ۔ اس کے علاوہ شیخ عروج مرتضیٰ، شفیق احمد،محمد ناصر، حبیب اللہ، تفضل حسین، عبدالطیف، احسن محمد رامی، سیکورٹی سپروائزر سجاد احمد، ایس زیڈ بی نیوز کے سی ای او زکیر احمد بھٹی، اینکر پرسن محمد عدیل، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احتشام سلیم، ٹرانسپورٹ ڈپاٹمنٹ انیشنل کے عملے کے علاوہ ڈرائیوروں اور سیکورٹی اہل کاروں نے بھی شرکت کی اور عبدالرحمٰن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سید احسن ظفر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عبدالرحمٰن کے جانے سے ہر ساتھی کی آنکھوں میں آنسو ہیں۔ ان کا کمپنی چھوڑ کر جانے کا خلا کبھی نہیں پُر ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالرحمٰن نے ہمیشہ ہر شخص کی مدد کی، ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ آخر میں سید احسن ظفراور عیسیٰ ادرکر نے وئیر ہاوس کی جانب سے عبدالرحمٰن کو یادگاری شیلڈ پیش کی اور کیک کاٹا گیا۔
پی ٹی آئی ریاض کی سابق ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ
پاکستان تحریک انصاف (سعودی عرب ریاض) کے سابق صدر سید بخت شیر نے پی ٹی آئی ریاض کی سابق ٹیم کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا، جس میں ریاض ریجن کے جنرل سیکرٹری عبداللہ ملک، سعودی عرب کے سابق ڈپٹی فنانس سیکرٹری سردار طلعت محمود، سیکرٹری لیبر افیئر گل زیب کیانی، کے پی کے کے سابق صدر تاج محمد خان اور معروف میڈیا پرسن کامران ملک نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بخت شیر کا کہنا تھا میں نے ہمیشہ پی ٹی آئی کی ٹیم کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی ہے۔ آنے والے الیکشن میں بھرپور طریقے سے رکن سازی کرکے پارٹی کی پہچان پورے سعودی عرب میں بنائیں گے۔ ہم اپنے پردیسی بھائیوں کو درپیش مسائل کا حل نکالیں گے۔آخر میں پر تکلف عشائیے جا اہتمام کیا گیا۔
مقبوضہ کشمیر کے لیے آواز اٹھانے پر ترک حکومت سے اظہار تشکر
کشمیر کمیٹی جدہ کے صدر مسعود احمد پوری اور دیگر ارکان سردار محمداقبال یوسف، عامر غنی میر، نصراقبال، سردار خان، پرویز یوسف مسیح، ڈاکٹر مجاہد ظفر اور محمدعامل عثمانی نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 46 ویں اجلاس کے دوران ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اولو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اِردوان اور ان کی انتظامیہ کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ وہ ہ نہ صرف کشمیر بلکہ جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کی خاطر مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے متعلقہ فریقوں کو اکٹھا کرنے کی مستقل اور بے لاگ پالیسی پرعمل کرتے ہوےعالمی رائے عامہ کو ہموارکرنے کے ہر فورم پرزور دیتے رہے ہیں۔ کشمیر کمیٹی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام ترکی کے وزیر خارجہ کے بیان اور ان کی حمایت پر خوش ہیں۔ واضح رہے کہ ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے عالمی ادارے کے سامنے مسئلہ کشمیر کے اصل پہلو کی وضاحت کرتے ہوئے مقبوضہ وادی میں مظالم اور پابندیاں ختم کرنے کے مطالبے کا اعادہ کیا تھا۔
عمرعلوی پاک پروفیشنلز فورم کے صدر منتخب
عمرعلوی پاک پروفیشنلز فورم ریاض کے صدرمنتخب ہوگئے۔ ان کی کامیابی کا اعلان فورم کے سرپرست اعلیٰ مولانا عبدالمالک مجاہد نے اراکین مجلس شوری کی رائے سے کیا۔ مخلص، متحرک عمر علوی پیشے کے لحاظ سے انجینئر ہیں اور ایک بڑی کمپنی میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہیں۔ اس موقع پر مولانا عبدالمالک مجاہد نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نئے صدر کو استقامت دے، مزید اخلاص عطا فرمائے اور زیادہ سے زیادہ دین کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدور ڈاکٹر حافظ محمد عمران اور انجینئرعمران ظہیر کی اعلیٰ خدمات کو ہم شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ینگ جرنلسٹس سوسائٹی انٹرنیشنل (سعودی عرب) کی پاکستانی میڈیا ہاؤس حملے کی مذمت
ینگ جرنلسٹس سوسائٹی انٹرنیشنل (سعودی عرب) نے کراچی میں میڈیا ہاؤس پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ چیئرمین مڈل ایسٹ زون و صدرسعودی عرب زون مبشر انوار اور دیگر نے مشترکہ مذمتی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وائی جے ایس آئی دنیا بھر میں میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اورتمام ممالک کی حکومتیں میڈیا ہاؤسز کی حفاظت کی ذمے دار ہیں۔ متعلقہ حکومت فوری طور پر واقعے کا نوٹس لے کر حملہ آوروں کے خلاف کارروائی یقینی بنائے اور صحافیوں و صحافتی اداروں کے تحفظ کے لیے جامع قانون سازی کی جائے۔
سینیٹ الیکشن میں بلامقابلہ کامیابی پر مبارک باد
سینیٹ الیکشن میں پنجاب کے امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب کروانے پر شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ق سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری اظہر وڑائچ، صدر امتیاز احمد، صدر (ابھا) چودھری طیب گجر، صدر (جبیل) مصطفی عبدالرشید، صدر یوتھ ونگ (جازان) شاہد عمران بٹ، سینئر رہنما شہباز احمد اور سینئر نائب صدر چودھری عاصم جٹ نے اپنے پیغام میں کہا کہ کامل علی آغا کو بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری برادران نے پنجاب میں بلامقابلہ سینیٹرز منتخب کروا کر ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ معاملہ فہمی میں ان کا کوئی ثانی نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان شااللہ سینیٹر کامل علی آغا کے سیاسی تدبر و تجربات سے پارٹی کے بیانیے کو مزید تقویت ملے گی۔