اسلام آباد (اے پی پی) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی جیتے گی‘ حفیظ شیخ اسلام آباد کی سینیٹ نشست پر کامیاب ہوںگے‘ یوسف رضا گیلانی نے زرداری کی کرپشن بچانے کے لیے قربانی دی اور ترک وزیراعظم کی اہلیہ کا سیلاب زدگان کے لیے دیا گیا ہار اپنی بیگم کے گلے میں ڈال دیا‘ بڑی مشکل سے وہ خزانے میں جمع ہوا‘ وہ حفیظ شیخ کا کیا مقابلہ کریں گے‘ حفیظ شیخ نے ڈوبی ہوئی معیشت بحال کی ‘سول، ملٹری تعلقات کی بہتری کا فائدہ ملک کو ہوتا ہے‘ افواج پاکستان اور سول حکومت ملکر ملک کو آگے لیکر جائیں گے‘ بھارت سے بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن کشمیر کو پس پشت ڈال کر کوئی بھی بات چیت ملک و قوم اور کشمیریوں سے غداری ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان ہی تحریک انصاف ہیں‘ ان سے غداری کرنے والوں کے لیے کہیں کوئی جگہ نہیں ہوگی‘ہم بھارت سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن پہلے آرٹیکل5 اے اور 370 واپس لیا جائے اور کشمیر کی پرانی حیثیت کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی رہائی عدالتی فیصلہ ہے‘ اس سے فرق نہیں پڑتا‘ ایم کیو ایم پڑھے لکھے لوگوں کی جماعت ہے‘ وہ عمران خان کے اتحادی ہیں، مجھے امید ہے وہ حفیظ شیخ کو ہی ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے‘ ملک میں دہشت گردی کے خدشات ہیں‘ میں کسی کو ڈرا نہیں رہا لیکن اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی ہائی الرٹ ہے‘ 23 مارچ کی پریڈ ہے اس کے بعد فوجی دستے واپس جائیں گے‘ اس لیے پی ڈی ایم سے کہتا ہوں کہ 2، 4 دن اجتماع کو آگے لے جائیں‘ نہیں لے جانا چاہتے تو بے شک نہ لے جائیں، جب تک قانون کی خلاف ورزی نہیں کریں گے ہم رکاوٹ نہیں ڈالیں گے لیکن اپوزیشن ہمیں اپنا پروگرام بتائے تاکہ ہم ان کے لیے انتظامات کرسکیں۔