لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا‘ وہ منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر مل کیس میں گزشتہ 20 ماہ سے جیل میں قید تھے۔ احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج اکمل خان نے اپوزیشن لیڈر کی دونوں کیس میں رہائی کا روبکار جاری کیا۔ قبل ازیں حمزہ شہباز کے ایک ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے ادریس رفیق اور عدیل خان نے جمع کرائے۔ روبکاری متن میں کہا گیا کہ حمزہ شہباز اگر کسی اور کیس میں مطلوب نہیں تو جیل سے رہا کر دیا جائے۔روبکاری متن میں کہا گیا کہ منی لانڈرنگ کیس میں لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کی تھی اور رمضان شوگر ملز کیس میں احتساب عدالت پہلے ہی اپوزیشن لیڈر کی روبکار جاری کر چکی ہے۔ عدالت نے حمزہ شہباز کو 4 مارچ کو کیس کی سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز کارکنوں کی بڑی تعداد کے ساتھ کوٹ لکھپت جیل کے باہر موجود تھیں ۔ جیل سے رہائی کے بعد حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان کی انتقام کی آگ ٹھنڈی نہیں ہو رہی‘ آٹا اور چینی چور کابینہ میں بیٹھے ہوئے ہیں۔