حمزہ شہباز کوٹ لکھپت جیل سے رہا

492

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت منظور کیے جانے کے بعد اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز کو جیل سے رہا کر دیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی جانب سے ضمانتی مچلکے جمع کرائے گئے جو منظور کیے گئے۔ احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج اکمل خان نے حمزہ شہباز کی روبکار جاری کیے، لیگی رہنما احتساب عدالت سے روبکار لے کر جیل روانہ ہوئے۔

ضابطے کی کارروائی کے بعد حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا۔ مریم نواز خود ان کے استقبال کے لیے جیل پہنچیں جب کی کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی اپنے رہنما کا استقبال کیا۔

واضح رہے کہ  منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے رواں ہفتے 24 فروری کو حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ کے 2رکنی بینچ نے حمزہ شہباز کی ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سناتے ہوئے ضمانت منظور کی جبکہ کیس میں حمزہ شہباز کے شریک ملزمان فضل داد عباسی اور شعیب قمر کی ضمانت کی درخواستیں بھی منظور کر کے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا، حمزہ شہباز کو ایک ایک کروڑ کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما وپنجاب صوبائی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز آمدن سے زائد اثاثہ جات اور رمضان شوگر ملز کیس میں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید تھے اور دونوں کیسز عدالت میں زیر سماعت ہیں۔