دادو ،تجاوزات کیخلاف آپریشن دوسرے مرحلے میں داخل

202

دادو(نمائندہ جسارت) دادو میں محکمہ آبپاشی کی اراضی پر تجاوزات کے خاتمے کیلیے آپریشن دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا شہر کے قریب لاڑکانہ روڈ کے اطراف میں نورواہ نہر سے تجاوزات ہٹانے کیلیے انتظامیہ ہیوی مشینری، پولیس اور رینجرز کے ساتھ پہنچ گئی 50 سے زائد کچے مکانات مسمار کردیے گئے۔ آپریشن کے خلاف مکین مشتعل ، سڑکوں پر نکل آئے لاڑکانہ روڈ پر سٹی گیٹ کے مقام پر ٹائر نذر آتش کرکے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی اور آپریشن روکنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے کہاکہ ہمارے گھر سرکاری اراضی پر نہیں بلکہ کالونی میں ہیں جبکہ محکمہ آبپاشی کے عملداروں نے رشوت دینے والوں کو کارروائی سے آزاد کررکھا ہے اور غریب افراد کے گھروں کو کارروائی کی زد میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہم غریب افراد کو بے گھر ہونے سے بچایا جائے اور ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔