سید محمد کفیل بخاری مجلس احرار اسلام کے قائم مقام مرکزی امیر منتخب

1395

لاہور (نمائندہ جسارت) مجلس احرار اسلام پاکستا ن کی مرکزی مجلس شوریٰ کے ایک بھر پوراجلاس میں مجلس احرار اسلام پاکستا ن کے امیر حضرت پیرجی سید عطا المہیمن بخاری (مرحوم) کے انتقال کے بعد مرکزی نائب امیر سید محمد کفیل بخاری کو 2022 ء تک کی دستوری مدت کے لیے قائم مقام مرکزی امیر منتخب کرلیا گیا ہے۔ مجلس احرار اسلا م پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کے تقریباً50 ارکان او ر 10مندوبین کا ایک اجلاس گزشتہ روز داربنی ہاشم ملتان میں مرکزی نائب امیر ملک محمد یوسف کی صدارت میں منعقد ہوا او ر اس میں مرکزی ناظم اعلیٰ عبدالطیف خالد چیمہ نے امیر مرکزیہ کے انتقال سے پیدا ہونے والے دستوری خلا کو پُر کرنے کے لیے طریقہ کار سے ارکان شوریٰ کوآگاہ کیا،جس پر سید محمد کفیل بخاری کو متفقہ طور پر قائم مقام امیر مرکزیہ مقررکیا گیاجبکہ سید عطا اللہ شاہ ثالث بخاری کو نائب امیر اور سید عطا المنا ن بخاری کو نائب ناظم اعلیٰ مقرر کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ جماعت کی مرکزی مجلس شوریٰ نے جس طرح مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے میں اس پر پوری جماعت کا شکرگزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم اکابر ِاحرار کے مشن کو اس کی روح کے مطابق زندہ وتابندہ رکھیں گے۔عبد اللطیف خالد چیمہ،ملک محمد یوسف،سید عطا اللہ شاہ ثالث بخاری اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ سیاست دین کے تابع ہے،اسلامی نظام کا نفاذ ہماری پہلی وآخری منزل ہے۔دیگر متعدد اراکین ِ شوریٰ نے اپنے اپنے خطابات میں حضرت پیرجی سید عطا المہیمن بخاریؒ کی دینی وملی اورتعلیمی وتحریکی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ زہدوتقویٰ کے جس اعلیٰ معیار پر تھے اس کی فی زمانہ مثال ملنا مشکل ہے۔اجلاس کی قرارداد وں میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت او راپوزیشن اپنی باہمی لڑائی کو ختم کرکے ملک و ملت کی فلاح اور دستور کی بالا دستی کے لیے یکجا ہوجائیں۔ایک قرار دار میں قادیانیوں کی غیر اسلامی اور غیردستوری سرگرمیوں پر تشویش کابھی اظہا رکیا گیا۔اجلاس میں ڈاکٹر محمد عمر فاروق احرار،میاں محمد اویس،مفتی عطا الرحمن قریشی،عبدالکریم قمر،قاری محمد یوسف احرار،مولانا جمیل الرحمن بہلوی،محمد خاور بٹ، عبدالشکور،مولانا اللہ بخش احرار،مولانا محمد اکمل،مولانا محمد مغیرہ،مولانا فیصل متین سرگانہ،قاری محمد قاسم بلوچ،قاری محمد ضیا اللہ ہاشمی،مولا نا تنویرالحسن احرار،ڈاکٹرمحمد آصف،محمد اشرف تائب،مولوی فقیر اللہ رحمانی،محمد قاسم چیمہ،مولانا محمود الحسن سمیت دیگرارکانِ شوریٰ نے شرکت وخطاب کیا ۔ اجلاس کے آغازمیں مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر حضرت پیرجی سید عطا المہیمن بخاری، جمعیت علما اسلام کے رہنماحافظ محمد حبیب اللہ چیمہ،مولانا سیف الرحمن سیف اورتمام مرحومین کیلیے ایصال ثواب کا اہتما م کیا گیا۔علاوہ ازیں مجلس احرار اسلام پاکستا ن کے سیکرٹری جنرل عبدالطیف خالد چیمہ نے جماعت کی جملہ ماتحت شاخوں کوہدایت کی ہے کہ وہ مارچ اوروسط اپریل تک قائد احرار سید عطا المہیمن بخاری کی یاد میں ختم نبوت کا نفرنسز کا اہتمام کریں۔