لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں تحریک انصاف کی اصلیت سامنے آ گئی ہے، پی ٹی آئی نے بلوچستان اور سندھ میں ٹکٹ بیچے ،پی ٹی آئی کی وجہ سے ملکی سیاست بدنام ہو رہی ہے ،سب کو اپنا اپنا کام کر نا چاہیے ،اسٹیبلیشمنٹ سیاست سے بے دخل ہو تو یہ سیاست کے لیے نیک شگون ہو گا۔ احتساب عدالت کے باہر مریم اورنگزیب اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان مافیا زکے لیڈر ہیں،سینیٹ میں بولیاں لگ رہی ہیں اور بازار خود پی ٹی آئی نے سجایا ہے ،عمران خان کو ان کے ارکان مسترد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز رشید کو جعلی واجبات ادا کرنے کا موقع ملنا چاہے تھا ، حمزہ شہبازکو سیاسی انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایاگیا،مسلم لیگ (ن)کی تمام قیادت سرخرو ہوئی ہے اور پرامید ہیں کہ جلد شہبازشریف بھی سرخرو ہو کر عوام کے درمیان ہوں گے ۔