احتساب کا ادارہ خود قابل احتساب ہے، شاہد خاقان

435

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ انصاف کا نظام سب کے سامنے آچکا ہے، کیا 20 پولنگ اسٹیشنز کے عملے کو اغوا کرکے ووٹ چوری کرلینا کوئی جرم نہیں ہے،کوئی مقدمہ درج نہیںہوا، یہ الیکشن مسلم لیگ نے جیتا ہوا ہے، احتساب کا ادارے کو خود احتساب کی ضرورت ہے۔کراچی میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو اور مقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ انصاف کا تقدس پامال کرنے والے حکمران ہیں، جب کسی چیز پر پردہ ڈالنا ہوتا ہے تو پھر کمیشن بنادیا جاتا ہے، آٹا چوری، چینی چوری اور براڈ شیٹ کے ذمے داروں کا احتساب کون کرے گا۔ مقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک تجربات سے نہیں صرف آئین پر عمل کرنے سے چلے گا ۔جمہوریت ملک کی ترقی کی ضامن ہے ان کا کہنا تھا کہ کہ ن لیگ ملک میں جمہوریت کی بقاء کے لیے کھڑی ہے کل تک ملک دشمن کہلانے والی سیاسی جماعتیں آئین کی بحالی کے لیے پی ڈی ایم کا حصہ ہیں۔ علاوہ ازیں کراچی احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس کی سماعت فاضل جج کی رخصت کے باعث 20 مارچ تک ملتوی کردی۔