کراچی (سید وزیر علی قادری ) کراچی کنگز کے بابر اعظم اور شرجیل خان کی ریکارڈ شراکت رائیگاں چلی گئی، اسلام آباد نے 197 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 19.1اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔بابر اور شرجیل نے پہلی وکٹ پر 115 گیندوں پر 176 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ شرجیل خان نے پی ایس ایل 6 کی پہلی سنچری اسکور کی۔ شرجیل خان نے 55 گیندوں پر8 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی وہ 105 اور بابر 62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بعدمیں آنے والے کھلاڑیوں نے مقررہ 20 اوورز کھیلنے کے بعد کراچی کنگز 3 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ اسلام آباد کی جانب سے حسن علی اور حسین طلعت نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب اسلام آباد کے اوپنرز اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے، اوپنر فل سالٹ صفر پر پویلین لوٹ گئے جبکہ الیکس ہیلز نے 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان شاداب بھی صفر پر پویلین لوٹ گئے جبکہ فہیم اشرف صرف 25 رنز ہی بناسکے۔82 پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد افتخار احمد اور حسین طلعت نے اسکور کو آگے بڑھایا اور پانچویں وکٹ کے لیے 94 رنز کی شراکت قائم کی، افتخار احمد نے 49 اور حسین طلعت نے جارحانہ 42 رنز کی اننگز کھیلی تاہم حسین طلعت ایل بی ڈبلیو ہوگئے جس کے بعد آصف علی نے صرف 9 گیندوں پر 21 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی جس کی بدولت اسلام آباد کی ٹیم نے 197 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 19.1 اوور میں حاصل کرلیا۔